خطیب نوک سناں (منقبت امام حسین ع و کربلا) شاعر محسن نقوی کی شاعری


 خطیب نوک سناں (امام حسین علیہ السلام)


شبیرؑ کربلا کی حکومت کا تاجدار

وَحدت مِزاج ، دُوش نَبوت کا شَہسوار

ہے جس کی ٹھوکروں میں خُدائی کا اِقتَدار

جس کے گداگروں سے ہَراساں ہے روزگار


جس نے زَمیں کو عَرش کا مُقَدر بنا دیا 

ذَروں کو آفتاب کا مِحوَر بنا دیا 


وہ جس کی بندگی میں سمٹتی ہے دَاوری 

کھولے دِلوں پہ جس نے رَمُوزِ دِلاوری

ُلُٹ کر بھی کی ہے جس نے شَرِیَعت کی یَاوری

جس نے سَمندروں کو سکھائی شنَاوری



وہ جس کا غم ہے اَبر کی صُورت تَنا ہوا

صحرا ہے رَشکِ موجہ کُوثَر بنا ہوا


جس کی خَزاں بَہارِ گُلستَان سے کم نہیں

جس کی جَبیں لَطافتِ قُرآن سے کم نہیں

جس کا اَصُول حِکمتِ یَزداں سے کم نہیں 

جس کی زَمیں خُلد کے اِیواں سے کم نہیں 


وہ جس کی پیاس مَنزلِ آبِ حیات ہے 

وہ جس کا ذِکر آج بھی وَجہ نَجات ہے


وہ کہکشاں جَبیں وہ ذَبِیحِ فَلک مَقام

جس نے جَبینِ عَرش پہ لکھا بَشر کا نام

جس نے کیا ضَمیرِ بَقا میں سَدا قیام 

جس کی عَنایتوں کو سَخاوت کرے سَلام


نوکِ سِناں کو رُتبَہ مِعرَاج بَخش دے

ذَروں کو جو فَلک کا حَسیں تَاج بَخش دے


کَنکر کو دُر بنائے کہاں کوئی جَوہر

ایجاد کی حسینؑ نے یہ کیمیا گری

بَخشی ہے یُوں بَشر کو مَلائک پہ بَرتَری

بچوں کو ایک پَل میں بناتا گیا جَرِی


وہ جس نے شَک کو حق کا قَرینہ سکھا دیا 

جس نے بَشر کو مَر کے بھی جِینا سکھا دیا



جو میرِ کَاروانِ مودت ہے وہ حسینؑ 

جو رَازدارِ کِنزِ حَقیقت ہے وہ حسینؑ 

جو مرکزِ نگاہِ مَشِیت ہے وہ حسینؑ 

جو تَاجدَارِ مُلکِ شَریعت ہے وہ حسینؑ


وہ جس کا عَزم آپ ہی اپنی مِثَال ہے

جس کی ”نہیں“ کو ہاں میں بَدلنا مُحَال ہے


مولا ، تو جِی رَہا ہے عَجَب اِہتمَام سے 

سمجھے ہیں ہم خُدا کو بھی تیرے کَلام سے 

کِرنِیں وہ پُھوٹتی ہیں سَدا تیرے نام سے

کرتے ہیں تیرا ذِکر سَبھی اِحترام سے


پایا ہے وہ مَقام اَبد تیرے نام نے 

آیا نہ پھر یزید کوئی تیرے سامنے


شاعر: محسن نقوی کی شاعری

کتاب: موج ادراک از محسن نقوی

منقبت امام حسین: خطیب نوک سناں



یہ بھی پڑھیں

وہ حقیقی مرد مومن ، پیکر عزم و ثبات (نگہبان سالت) محسن نقوی نعت


Keywords: mohsin naqvi, mohsin naqvi poetry, imam hussain poetry, karbala poetry, mohsin naqvi shayeri, karbala shayeri, imam hussain shayeri, khateeb e nok e sinan, maojbe idrak, book baoj e idrak, mohsin naqvi poet, mohsin naqvi ki poetry, محسن نقوی کی شاعری، منقبت امام حسین، محسن نقوی شعر، محسن نقوی موج ادراک

Previous Post Next Post